ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی اسپنر نیتھن لیون نے سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے ملک کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ٹیسٹ باؤلر کا اعزاز حاصل کر لیا۔ لیون نے اپنی مجموعی وکٹوں کی تعداد 564 تک پہنچا کر سابق فاسٹ باؤلر گلین میگرا (563 وکٹیں) کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اب آسٹریلیا کے تاریخ میں صرف لیجنڈری اسپنر شین وارن (708 وکٹیں) ہی نیتھن لیون سے آگے ہیں۔ لیون ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
یہ یادگار لمحہ تب آیا جب لیون نے ایشیز کے موجودہ میچ میں اپنی کامیابی حاصل کی۔ سابق باؤلر گلین میگرا نے کھیل کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرسی اٹھا کر خراجِ تحسین پیش کیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا۔
عالمی سطح پر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن (800 وکٹیں) کے پاس ہے جبکہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن (704) اور اسٹیورٹ براڈ (604) اس فہرست میں نمایاں ہیں۔