آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف جمع کرائی گئی تحریکِ عدم اعتماد پر غور کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 17 نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ آئین کے مطابق تحریک پر تین سے سات دن کے اندر کارروائی لازم ہے۔
پیپلز پارٹی نے تحریک کامیاب ہونے کی صورت میں فیصل ممتاز راٹھور کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ اسے مطلوبہ 27 اراکین کی حمایت حاصل ہے اور وہ آئندہ چند ماہ کے لیے حکومت بنانے کے لیے تیار ہے۔
اسمبلی کی تازہ پوزیشن کے مطابق پیپلز پارٹی 17 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے، مسلم لیگ ن کے پاس 9، پی ٹی آئی کے پاس 4، پی ٹی آئی فاروڈ بلاک کے پاس 7، انوار گروپ کے پاس 8، مہاجرین گروپ کی 4 اور دیگر جماعتوں کے پاس ایک ایک نشست ہے۔
فیصل ممتاز راٹھور سابق وزیراعظم ممتاز راٹھور کے صاحبزادے ہیں اور حالیہ عوامی احتجاجی تحریک کے دوران مذاکراتی رابطہ کاری میں کردار ادا کر چکے ہیں۔ پارٹی کے مطابق نئی حکومت کی ترجیحات میں شفاف انتخابات کی تیاری، انتظامی بہتری اور سیاسی استحکام شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ 2021 کے بعد یہ ممکنہ طور پر تین سال میں آزاد کشمیر کی چوتھی سیاسی تبدیلی ہوگی، جبکہ اگلے عام انتخابات جولائی 2026 میں منعقد کیے جائیں گے۔
دیکھیں: دہلی بم دھماکے کے مشتبہ ملزم کشمیری ڈاکٹر کا مکان منہدم