بلوچستان کے ضلع واشک میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا۔ کارروائی کے دوران جدید اسلحہ، گولہ بارود، موبائل فون اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن واشک کے علاقے پلانتک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد موجود تھے، جو مبینہ طور پر بلوچ عوام کو لوٹنے، خوف و ہراس پھیلانے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق علاقے میں موجود یو آر ایف نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی۔ اس کے بعد ان ٹھکانوں کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے آر پی جی 7 کے 5 گولے، میگزینز سمیت 5 جدید ہتھیار، 3 موبائل فون اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
سکیورٹی فورسز کے بیان کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ بلوچ عوام کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال کیا جانا تھا۔
آپریشن ردالفتنہ 3
سکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ، شہریوں کا تحفظ اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا ہے۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔





