یورپی کونسل نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے فوری طور پر کشیدگی میں کمی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی کونسل نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں سرحد پار فائرنگ اور بڑھتے ہوئے تناؤ کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ کونسل نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور تمام تصفیہ طلب مسائل کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے حل کریں۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں یورپی کونسل نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ مسلح تصادم کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اور موجودہ حالات میں تحمل کا مظاہرہ کرنا ہی بہترین حکمتِ عملی ہے۔ عالمی برادری بھی ان حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ سرحد پر پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
گزشتہ دو روز کے دوران افغانستان کے متعدد سرحدی علاقوں میں شدید حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں متعدد عسکری کارکن ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان کاروائیوں کے بعد خطے میں کشیدگی کی لہر دوڑ گئی ہے اور صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان نے ان حملوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو سخت نتائج کی دھمکی دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ فریقین کے درمیان اس تلخ بیان بازی اور حالیہ عسکری سرگرمیوں نے سرحدی امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
دیکھیے: ننگرہار ایئرپورٹ پر پاکستانی طیاروں کی مبینہ بمباری، آماج نیوز کا بڑا دعویٰ