پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت نے مالی سال 26 کی پہلی چار ماہ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6.4 ارب ڈالر کی ریکارڈ برآمدات حاصل کیں۔ یہ اعداد و شمار ٹیکسٹائل شعبے کی چار ماہ کی تاریخ میں سب سے بلند ترین سطح ہیں، جو عالمی منڈیوں میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مسابقت اور پائیدار برآمدی رفتار کو ظاہر کرتے ہیں۔
اس غیر معمولی اضافے میں سب سے بڑا حصہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر نے ڈالا، جس نے روایتی شعبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر کارکردگی پیش کی۔ نٹ ویئر کی برآمدات 1.9 ارب ڈالر تک جاپہنچیں جبکہ ریڈی میڈ گارمنٹس 1.4 ارب ڈالر کے ساتھ ایک نیا تاریخی سنگِ میل عبور کرنے میں کامیاب رہیں۔
کاروباری ماہرین اور معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ مسلسل بڑھتی ہوئی برآمدات پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر پر عالمی سطح پر بڑھتے اعتماد، بہتر پیداواری معیار، اور مسابقتی قیمتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر یہی رفتار برقرار رہی تو پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت رواں مالی سال کے اختتام تک مزید ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔
دیکھیں: سندھ کے ترقیاتی منصوبے معیشت اور عوامی خوشحالی کی علامت ہیں، شرجیل میمن