حکومتِ پاکستان نے اعلیٰ سطحی سفارتی تبادلوں اور نئی تقرریوں کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متعدد دارالحکومتوں میں سفیروں اور ہائی کمشنرز کی تعیناتی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، جن پر وزیر اعظم کی منظوری کے بعد فوری عملدرآمد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عمران احمد صدیقی کو کابل میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح عبیدالرحمان نظامانی کو جرمنی، جبکہ سلمان شریف کو اٹلی میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ برطانیہ کے لیے سی پی عثمان ٹیپو کو نیا ہائی کمشنر نامزد کیا گیا ہے، جبکہ حسنین یوسف کو کیوبا میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
وزارتِ خارجہ میں بھی اہم انتظامی تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ سفیر عائشہ علی نے ایڈیشنل فارن سیکرٹری (یورپ) کا قلمدان سنبھال لیا ہے، جبکہ کاچو سجاد (ایف ایس پی) کو ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا مقرر کیا گیا ہے۔ اور اس کے ساتھ بلال چوہدری کو وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل چین تعینات کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ اقدامات پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مزید فعال بنانے اور اہم ممالک کے ساتھ تعلقات کو نئی سمت دینے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔