اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز ہو گئیں، جہاں مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی۔
دفتر خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ترکیہ کے وزیر خارجہ بھی جلد دفتر خارجہ پہنچیں گے اور اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے، جبکہ سعودی وزیر خارجہ کی آمد کے بعد پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم چار ملکی اجلاس متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنا، جنگ بندی کی راہ ہموار کرنا اور مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد اس وقت خطے میں سفارتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جہاں اہم عالمی و علاقائی طاقتیں امن کے لیے متحرک نظر آ رہی ہیں۔