پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ سطحی نمائندوں کے درمیان بدھ کے روز ڈھاکہ میں ایک مختصر اور غیر رسمی ملاقات ہوئی، جسے دونوں ممالک کے درمیان معرکۂ حق کے بعد پہلا براہ راست سفارتی رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مذکورہ ملاقات بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ کے موقع پر ہوئی۔
پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نمازِ جنازہ میں شرکت کے دوران ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہوئے مسکراہٹوں کا تبادلہ کیا۔ مبصرین اس رابطے کو دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں موجودہ کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ معرکۂ حق کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات انتہائی کشیدہ چلے آ رہے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے جب طرفین کے اعلیٰ عہدیداروں نے باہم مسکراہٹوں کے ساتھ ملاقات کی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ ملاقات بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ کے موقع پر ہوئی۔ جو دارالحکومت ڈھاکہ کے مانک میاں ایونیو پر ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنازے میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سمیت ملک بھر سے لوگوں نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کی نمائندگی اسپیکر ایاز صادق نے کی۔
دیکھیں: اسلام آباد میں بنگلہ دیش کی نئی ہائی کمیشن عمارت کا افتتاح، تعلقات میں مضبوطی کی علامت