پاکستان نیوی نے بحیرۂ عرب کے شمالی حصے میں ایف ایم-90 (این) ای آر سطح سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے انجام دے دی۔
ترجمان کے مطابق اس فائر پاور مظاہرے کے دوران پاکستان نیوی کے ایک جنگی جہاز نے نہایت تیز رفتار اور انتہائی مہارت ست فضائی اہداف کو نشانہ بنایا، جس سے نیوی کی جنگی صلاحیت، آپریشنل تیاری اور دفاعی مہارت کا عملی مظاہرہ ہوا۔ اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ نے سمندر میں موجود پاکستان نیوی کے فلیٹ یونٹ پر سوار ہو کر لائیو فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ نے میزائل فائرنگ میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور اعلیٰ آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نیوی ہر صورت ملک کے سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار رہے گی۔
بیان کے مطابق اس نوعیت کی مشقیں پاکستان نیوی کی مجموعی جنگی تیاری کو مزید مستحکم بنانے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت کو جانچنے کے لیے باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں۔
دیکھیں: تہران میں افغانستان سے متعلق علاقائی اجلاس: پاکستان کی شرکت، طالبان کی عدم حاضری پر علاقائی تشویش