پاکستان نے صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے صومالیہ کے نام نہاد علاقے ’’صومالی لینڈ‘‘ کی آزادی کو تسلیم کرنے کا اعلان بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ہفتہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے غیر قانونی اور اشتعال انگیز اقدامات نہ صرف برادر ملک صومالیہ کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں بلکہ پورے خطے کے امن و سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ عالمی برادری اس طرح کے اقدامات کو مسترد کرے اور خطے میں امن و استحکام کی جاری کوششوں کو نقصان پہنچانے سے اسرائیل کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
🔊PR No. 3️⃣8️⃣4️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣5️⃣
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) December 27, 2025
Pakistan Rejects Attempts to Undermine Somalia's Sovereignty and Territorial Integrity https://t.co/5rPk57Mu6G
🔗⬇️ pic.twitter.com/kWRlBsDMXN
پاکستان وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
جاری بیان میں دوٹوک الفاظ میں اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینیوں کو کسی بھی صورت ان کی سرزمین سے جبری بے دخل کرنے کے کسی بھی اقدام کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور فلسطینی عوام کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے والی ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا ۔
اسرائیل کا صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اعلان
اس سے قبل اسرائیل دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے باضابطہ طور پر صومالیہ کے علیحدگی پسند خطے ’صومالی لینڈ‘ کو ایک آزاد ملک کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔
اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نتن یاہو نے اعلان کیا کہ ’اسرائیل زرعی شعبے، صحت اور ٹیکنالوجی میں فوری طور پر تعاون کو وسعت دے گا۔‘ صومالی لینڈ کے صدر عبد الرحمن محمد عبداللہی نے اس پیش رفت کو ’ایک تاریخی لمحہ‘ قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق اسرائیل کی جانب سے تسلیم کیے جانے سے دیگر ممالک کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب مل سکتی ہے، جس سے صومالی لینڈ کی سفارتی حیثیت اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب صومالیہ کے وزیرِاعظم حمزہ عبدي بری نے اس اقدام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اسے اپنی خودمختاری پر ’ایک دانستہ حملہ‘ سمجھتا ہے۔
دیکھیں: افغانستان سے لیبیا تک: پاکستان کی علاقائی حکمتِ عملی