وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ انہوں نے حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے سعودی مسلح افواج اور اتحادی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے سعودی عرب پر متعدد بیلسٹک میزائل حملوں کو ناکام بنانے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے اپنے شہریوں، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب پر حملے فوری بند کرے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔