پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے بھارت کے وزیرِ خارجہ کے حالیہ اشتعال انگیز، من گھڑت اور غیر ذمہ دارانہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی اور خطے کے امن کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے واضح کیا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قومی قیادت پر الزامات دراصل ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ بھارت کی خود کی خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی کارروائیوں اور پاکستان میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے ہٹانا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے مکروہ کردار اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو چھپانے کے لیے مسلسل پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، لیکن اس طرح کی سازشیں نہ تو سچ کو دباسکتی ہیں اور نہ ہی عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکی جاسکتی ہے۔
پاکستان نے عالمی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور خطے کے امن کے لیے پیدا کیے جانے والے خطرات کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔