لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی قائداعظم ٹرافی 2025-26 کے اختتام کے تین ماہ بعد بھی مکمل ادائیگی کے منتظر ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو میچ فیس ادا کر دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق قائداعظم ٹرافی 6 اکتوبر سے 5 دسمبر 2025 تک کھیلی گئی، جس میں 10 ٹیموں کے 226 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ کراچی بلیوز نے سعود شکیل کی قیادت میں فائنل میں سیالکوٹ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پی سی بی نے 10 مارچ 2026 کو تمام ریجنز کے کھلاڑیوں کو 30 ہزار روپے فی میچ کے حساب سے ادائیگی کر دی، تاہم سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل 24 کھلاڑیوں کو بھی اسی شرح سے ادائیگی کی گئی، جو کہ معاہدے کے مطابق مقررہ رقم سے کم ہے۔
دستاویزات کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت کھلاڑیوں کو قائداعظم ٹرافی میں شرکت پر فی میچ 6 لاکھ 28 ہزار 898 روپے ادا کیے جانے ہیں۔ اس کے باوجود انہیں ابتدائی طور پر صرف ڈومیسٹک میچ فیس کے چیکس دیے گئے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم نیازی نے تصدیق کی کہ کھلاڑیوں کو فی الحال 30 ہزار روپے کے حساب سے ادائیگی کی گئی ہے، تاہم سیزن کے اختتام پر بقایا رقم سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق ادا کر دی جائے گی، تاہم تاحال ادائیگی نہیں کی گئی