پاکستان مخالف اور منفی بیانیے کا پرچار کرنے والے عناصر کی ہرزہ سرائی کا جواب پشاور کے غیور اور باوفا عوام نے سڑکوں پر نکل کر بھرپور طریقے سے دے دیا ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر پشاور کی فضاؤں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور عوام کا بے پناہ جوش و خروش دیدنی رہا، جہاں شہریوں نے تاریخی جشن منا کر ثابت کر دیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اپنے وطنِ عزیز پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔
برسوں سے دہشت گرد تنظیمیں اور ان کے سہولت کار یہ بیانیہ پھیلانے کی کوشش کرتے رہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام پاکستان سے لاتعلق ہیں اور یومِ آزادی جیسی تقریبات سے کوئی سروکار نہیں رکھتے۔ تاہم پشاور سمیت صوبے بھر میں عوام کے ٹھاٹھیں مارتے جمِ غفیر نے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو مکمل طور پر زمین بوس کر دیا۔
منفی مہم جوئی کرنے والوں کے تمام تر دعوؤں کے برعکس، پشاور کے عوام کی یہ بھرپور شرکت واضح پیغام ہے کہ پختون قوم ملک کی سلامتی، استحکام اور پرچمِ پاکستان کی سربلندی کے ساتھ وابستہ ہے۔
پشاور میں سرکاری سطح پر تقریب
یومِ آزادی کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور میں ایک پروقار سرکاری تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا۔ اس کے علاوہ شہر بھر کے بازاروں، گلیوں اور شاہراہوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔
صوبے بھر میں جشن
خیبر پختونخوا حکومت نے اس سال یومِ آزادی کو ماحول دوست بنانے کے لیے صوبے بھر میں 14 لاکھ پودے لگانے کے شجرکاری منصوبے کا بھی آغاز کیا۔ اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے بلیو ایریا میں ریلی نکالی۔
صوبے کے دیگر شہروں سوات، مردان، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور بنوں سمیت خیبر پختونخوا بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات، ریلیاں اور ثقافتی پروگرام منعقد ہوئے جن میں طلبہ، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عوام کے اس بھرپور جوش و خروش نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔