پشاور میں خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کھیلے گئے نمائشی کرکٹ میچ میں پشاور زلمی نے لیجنڈز الیون کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دی۔
یہ میچ عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں کھیلا گیا، جہاں پشاور زلمی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 144 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم نے 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، یاسر حمید نے 35 اور عامر برکی نے 24 رنز جوڑے۔
لیجنڈز الیون کی بولنگ میں شاہد آفریدی اور عبدالرزاق نے 3،3 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ محمد حفیظ اور سعید اجمل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں لیجنڈز الیون کی ٹیم 15 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی۔ انضمام الحق نے 23 گیندوں پر 46 رنز اور اظہر محمود نے 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں لیکن ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان اور بابر اعظم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان خان اور ذوالفقار بابر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
میچ میں طارق سعید اور سینیٹر فیصل جاوید خان سمیت نامور شخصیات نے کمنٹری کی۔ شائقین کی بڑی تعداد نے میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ یاد رہے کہ یہ پشاور اسٹیڈیم میں لگ بھگ دو دہائیوں کے بعد کوئی پہلا میچ تھا۔
یہ میچ پشاور زلمی، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کے تعاون سے منعقد ہوا، اور اس کی آمدنی سیلاب متاثرین کو دی جائے گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے میچ فیس وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنی شرکت کو فلاحی مقصد کے لیے وقف کیا۔
دیکھیں: سہ ملکی سیریز؛ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائے گا