قطر کی وزارتِ داخلہ نے آن لائن گمراہ کن ویڈیوز اور جھوٹی معلومات پھیلانے کے الزام میں 313 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں کا تعلق مختلف قومیتوں سے ہے اور ان پر سوشل میڈیا کے ذریعے عوامی نظم و نسق کو متاثر کرنے اور سکیورٹی کے لیے خطرہ پیدا کرنے کے الزامات ہیں۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام معاشرتی استحکام کو یقینی بنانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
قطر کا سائبر کرائم قانون (قانون نمبر 14، سنہ 2014) آن لائن غلط معلومات کے پھیلاؤ کو ایک سنگین جرم قرار دیتا ہے۔ قانون کے مطابق جو افراد سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے، افواہیں یا ایسی مواد شیئر کرتے ہیں جو عوامی نظم و نسق یا ملکی سلامتی کو نقصان پہنچائے، وہ سخت قانونی کاروائی کا سامنا کریں گے۔ ان جرائم کی سزا کے طور پر ملزمان کو 5 لاکھ قطری ریال تک جرمانہ، جرم کی نوعیت کے مطابق 3 سال تک قید، اور غیر ملکی شہریوں کی صورت میں انہیں فوری ملک بدری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
Qatar’s Interior Ministry says 313 people of various nationalities have been arrested for filming and spreading misleading videos, rumors, and false information on social media related to the current situation.
— Clash Report (@clashreport) March 9, 2026
Under Qatar’s Cybercrime Law (Law No. 14 of 2014), spreading false…
دنیا بھر میں آزادیِ اظہار کو ایک بنیادی حق تسلیم کیا جاتا ہے، تاہم ریاستیں اسے جھوٹ اور افواہیں پھیلانے کا لائسنس قرار نہیں دیتیں۔ قطر کا یہ فیصلہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں آزادی کے ساتھ ذمہ داری کا احساس بھی لازم و ملزوم ہے۔ دنیا کی کوئی بھی جمہوریت آزادیِ اظہار کے نام پر انتشار، خوف اور جعلی بیانیے پھیلانے کی اجازت نہیں دیتی، اور یہی وجہ ہے کہ قطر کے علاوہ جرمنی، سنگاپور اور برطانیہ جیسے ممالک میں بھی آن لائن غلط معلومات کے خلاف سخت قوانین نافذ ہیں۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو کسی صورت بھی خوف اور انتشار پھیلانے کا ذریعہ نہیں بننے دیا جا سکتا۔ حکومتی سطح پر یہ واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا درست استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، اور آزادیِ اظہار محفوظ ہونے کے باوجود، اس کا غلط استعمال قانون کے تابع ہے۔ قطر کی جانب سے اس کریک ڈاؤن کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو محفوظ بنانا اور عوام کو غلط معلومات کے منفی اثرات سے بچانا ہے، تاکہ معاشرتی اقدار اور ریاستی سلامتی کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جا سکے۔