واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے آج ملاقات ہوگی۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے باقاعدہ اس بات کی تصدیق کہ وزیراعظم پاکستان اور امریکی صدر کے درمیان آج واشنگٹن میں دو طرفہ ملاقات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے اوول آفس میں ہوگی، جہاں دونوں رہنما عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
کہا جارہا ہے کہ اس ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت بھی متوقع ہے، جو اس بات کو واضح کرتی ہے سلامتی و دفاعی مسائل پر بھی تفصیلاً بات چیت ہوگی۔
خیال رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر بھی مختصر سی ملاقات ہوئی تھی۔
دیکھیں: ٹرمپ کی شہباز شریف سمیت اسلامی ممالک کے سربراہان سے ملاقات؛ سب سے اہم ملاقات قرار دے دیا