لکی مروت تھانہ صدر کے حدود میں واقع درہ تنگ کے مقام پر پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی بم حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں ایس ایچ او تھانہ صدر رازق خان سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حملہ درہ تنگ پل کے ساتھ نصب کیے گئے بم کے دھماکے کے ذریعے کیا گیا۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب ڈی پی او لکی مروت اسی راستے سے چوکیوں کے معائنے کے لیے گزرنے والے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ڈی پی او اس وقت مقام پر موجود نہیں تھے، ورنہ حملہ زیادہ سنگین نتائج کا باعث بھی بن سکتا تھا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ روز اسی مقام سے ایک وکیل کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا، جس سے علاقے میں سکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ حملے کے بعد پولیس نے علاقے میں محافطین کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ علاقہ حالیہ عرصے میں سکیورٹی واقعات میں اضافے کا شکار رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے حملے کی نوعیت اور ممکنہ ملزمان کے بارے میں تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔
دیکھیں: بگرام ایئربیس کی ممکنہ بحالی، ایران کے خلاف امریکی منصوبوں کی بازگشت