سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبے نہ صرف صوبے کی معیشت کو بہتر کر رہے ہیں بلکہ عوام کے لیے آسانی کا سبب بن رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد ترقی و فلاح کے ذریعے شہری و دیہی آبادی دونوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
صوبائی وزیر نے سندھ حکومت کے منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پورے صوبے میں ہائی ویز اور سڑکوں کے جاری منصوبے پرانے نقشوں و شاہراہوں کو جدید بنانے کے لیے اہم قدم ہیں۔ کوسٹل ہائی وے، مہران ہائی وے، اور روہڑی تا گڈو بیراج روڈ جیسے منصوبے نہ صرف سفر کو آسان بنائیں گے بلکہ صوبوں کے مابین روابط کو بھی مضبوط کریں گے جس سے تجارت، زراعت اور صنعت کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن کے مطابق سانگھڑ، ٹنڈو الہیار اور نوابشاہ جیسے اضلاع میں ترقیاتی منمصوبے دیہی معیشت کو مستحکم کرنے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھولنے کا باعث بنیں گی۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ منصوبوں کے لیے فنڈز کی بروقت فراہمی، کرپشن سے پاک اور معیار کو برقرار رکھنا ہے۔ سندھ فلڈ ایمرجنسی ریکنسٹرکشن پروجیکٹ اس عزم کی ایک واضح مثال ہے جس کے ذریعے حالیہ چیلنجز سے نمٹا جارہا ہے۔
دوہزار دو کے سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے یہ اقدامات باقی صوبوں کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی مرمت اور نئے ڈھانچے کی تعمیر صوبے کی دیرپا ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ترقی، شفافیت اور عوامی فلاح کے جذبے سے سرشار ہے، تاکہ صوبہ خوشحال اور پائیدار مستقبل کی طرف گامزن ہو سکے۔
دیکھیں: طورخم بارڈر پر تجارتی بحران کے باعث معیشت دباؤ کا شکار، تاجر سڑکوں پر نکل آئے