اسلام آباد: وزارت خارجہ پاکستان نے طاہر حسین اندرابی کو وزارت خارجہ کا نیا ترجمان مقرر کردیا ہے۔ طاہر حسین سفیر شفقت علی خان کا عہدہ سنبھالیں گے، جنہیں اب متحدہ عرب امارات میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت علی خان نے کہا وزارتِ خارجہ کی ترجمانی کی ذمہ اری اب طاہر اندرابی ادا کریں گے، جو ایک تجربہ کار شخصیت ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق طاہر حسین اندرابی بین الاقوامی سلامتی کے شعبے میں بطور اضافی سیکرٹری کے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اور ساتھ ساتھ پاکستان نیشنل اتھارٹی کے سربراہ بھی ہیں۔
Tahir Hussain Andarabi, an experienced diplomat, has been appointed as the new spokesperson of the Ministry of Foreign Affairs @ForeignOfficePk . He will be replacing ambassador Shafqat Ali Khan. The announcement was made by ambassador Shafqat during his weekly briefing on… pic.twitter.com/RubXctgJHT
— Tahir Khan (@taahir_khan) October 17, 2025
طاہر اندرابی نے مختلف سفارتی عہدوں پر اپنی خدمات سرانجام دی ہیں۔ وہ 2021 سے 2023 تک تیونس میں پاکستان کے سفیر رہے اور ساتھ ہی مالٹا میں بھی بحیثیتِ سفیر خدمات سرانجام دیتے رہے۔ اس سے قبل وہ جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کی جانب سے اہم عہدوں پر فائز رہے۔
طاہر حسین اندرابی نے چین میں بھی اپنی خدمات سرانجام دیں ہیں پہلے وہ سیکرٹری دوم 2001۔2005 اور بعد میں بھی دو سال اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ اسی طرح انہوں نے اقوام متحدہ میں بھی (2009۔2013) پاکستان کی نمائندگی کی۔
وزارت خارجہ میں اپنی مختلف تعیناتیوں کے دوران، انہوں نے وزیر خارجہ کے دفتر، خارجہ سیکرٹری آفس، انڈیا ڈیسک اور کشمیر و افریقہ امور کے شعبوں میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
طاہر حسین اندرابی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور سے میڈیکل ڈگری حاصل کی، بیجنگ لینگویج اینڈ کلچر یونیورسٹی سے چینی زبان کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا، جبکہ وہ جارج ٹاؤن یونیورسٹی واشنگٹن ڈی سی امریکا کے انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف ڈپلومیسی سے فیلو شپ بھی حاصل کر چکے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق طاہر اندرابی کی تعیناتی سے پاکستان کی سفارت کاری کو مزید پیشہ ورانہ استحکام اور عالمی سطح پر مؤثر نمائندگی حاصل ہوگی۔
دیکھیں: امید ہے کہ ایک دن افغانستان پر حقیقی عوامی نمائندہ حکمران حکومت کریں گے؛ پاکستانی وزارت خارجہ