خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ٹریفک پولیس کی سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں موجود تین پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
حملے کی زد میں آ کر دو عام شہری بھی شدید زخمی ہوئے۔ مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ زخمی ہونے والوں میں ایک مجذوب شخص بھی شامل ہے، جو حملے کے وقت قریب موجود تھا۔
ریسکیو اقدامات
فائرنگ کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ شہدا کے جسد خاکی اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہو گئے، جبکہ شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی۔
سرچ آپریشن
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے وزیرآباد اور ملحقہ بستیوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
دیکھیے: ٹانک میں ٹریفک پولیس وین پر حملہ، 3 اہلکار شہید، 2 افراد زخمی