باجوڑ میں حالیہ آپریشنز کے دوران خوارج کی جانب سے گھروں کے اندر کھودی گئی خفیہ سرنگوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان سرنگوں کو اسلحہ ذخیرہ کرنے اور پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا۔
اطلاعات کے مطابق فتنہ الخوارج انہی گھروں کے اندر چھپ کر ریاست اور عوام کے خلاف منظم کارروائیوں میں مصروف رہے۔ آپریشنز کے دوران ان خفیہ راستوں اور اسلحے کے بڑے ذخائر کو قبضے میں لیا گیا، جنہیں ثبوت کے طور پر عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ انکشاف واضح ثبوت فراہم کرتا ہے کہ خوارج نے شہری علاقوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ تاہم اس کے باوجود بعض عناصر سیکیورٹی فورسز پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہیں، جو یا تو زمینی حقائق سے لاعلمی کا نتیجہ ہے یا پھر دانستہ طور پر چشم پوشی۔
حکومتی اور سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا خوارج کی بزدلانہ اور قابلِ مذمت حکمتِ عملی ہے، جس سے نہ صرف عوام کی جانیں خطرے میں پڑتی ہیں بلکہ دہشت گردوں کی اصل نیت بھی عیاں ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان سرنگوں کی دریافت کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ خوارج مقامی آبادی کے گھروں کو استعمال کرکے اپنی کارروائیاں جاری رکھتے تھے، اور ان کا اصل ہدف ریاستی اداروں کو کمزور کرنا اور معاشرے میں خوف پیدا کرنا تھا۔
دیکھیں: وادی تیراہ واقعہ اسٹرائیک نہیں بلکہ بارود پھٹنے کے باعث پیش آیا؛ ٹی ٹی پی کی تصدیق