خیبرپختونخوا: پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ جبکہ دوسری جانب دو عام شہری بھی اس موقع پر شہید ہوئے۔ ایس پی اپر دیر کے مطابق 3 روزہ آپریشن میں پولیس، ایلیٹ فورس اور ریپڈ ریسپانس فورس نے حصہ لیا۔ آپریشن اپر دیر کے مختلف علاقوں میں کیا گیا جن میں ہل ٹاپ ،شندل باغ، اتن درا، باغ کلے، سنگر اور دو بانڈو درا شامل ہیں۔
ایس پی دیر کا کہنا تھا 20 کلومیٹر پر محیط علاقے میں آپریشن 3 روز تک جاری رہا۔ اس آپریشن میں فتنۃ الخوارج کے نو عسکریت پسند مارے گئے جبکہ دوسری جانب دو پُرامن شہری شہید ہوئے اور 10 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں گزشتہ چند ماہ سے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے اسی طرح امن کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔