پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے بلوچستان میں پاک افغان سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں ژوب کے علاقے سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 33 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشتگرد 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب سرحد عبور کرکے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کررہے تھے، مرنے والے دہشتگردوں سے اسلحہ، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور ملک سے ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم کی کامیاب کارروائی پر فورسز کی ستائش
وزیراعظم شہباز شریف نے ژوب میں کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی در اندازی ناکام بنائی، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔