وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ ان کے صوبے میں سیلاب سے تباہ ہونے والے شہریوں کے نقصان کا ازالہ کریں گے۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ’ریسکیو کے بعد بحالی کا کام شروع کریں گے اور پھر اعدادوشمار کی روشنی میں متاثرین کو معاوضہ دیں گے۔‘
ان کے مطابق ’آبادیوں کو پانی کے رستوں سے ہٹا کر نئی بستیاں آباد کریں گے۔ ہم گھر بنا کر دیں گے، سیلاب سے تباہ گھروں کی دوبارہ تعمیر کریں گے۔‘ وزیر اعلی کے مطابق انھوں نے یہ ہدایت دی ہے کہ بحالی کا کام جلد سے جلد کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’مجھ سے تمام وزرائے اعلی اور وزیراعظم نے رابطہ کیا ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’ان کے پاس دو ہیلی کاپٹرز تھے اور ایک ریسکیو میں تباہ ہو گیا۔‘
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انھوں نے 190 ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کر رکھا ہے جس سے صوبائی حکومت کو روزانہ ساڑھے آٹھ ارب روپے حاصل ہوتے ہیں اور اس فنڈ سے متاثرین کی بحالی کا کام کیا جا رہا ہے۔
دیکھیں: خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب نے 43 جانیں لے لیں