پاکستان نے 10 ستمبر 2025 کو شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے (ایس سی او – ریٹس) کی صدارت سنبھال لی۔ یہ تنظیمی ڈھانچہ شنگھائی تعاون تنظیم کا باضابطہ ادارہ ہے جو دہشت گردی، انتہاپسندی اور علیحدگی پسندی کے خلاف علاقائی سطح پر کام کرتا ہے۔ اس کا ہیڈکوارٹر تاشقند، ازبکستان میں واقع ہے۔
اس بات کا اعلان پاکستان کی وزارت خارجہ نے باقاعدہ اپنی ٹویٹ میں کیا کہ پاکستان اب ریجنل انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی باضابطہ صدارت سنبھال چکا ہے۔
🔊PR NO. 2️⃣7️⃣3️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣5️⃣
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 10, 2025
Pakistan Assumes Chair of SCO-RATS (2025-26).
🔗⬇️https://t.co/cG6RUw0FR6 pic.twitter.com/nJVTaoZI2U
صدارت سنبھالنے کے بعد پاکستان انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات اور علاقائی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ پاکستان کی قیادت میں ایس سی او رَیٹس کے تحت رکن ممالک کے درمیان سیکورٹی تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پاکستان بطور چیئرمین دیگر رکن ممالک اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ساتھ مل کر بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمتِ عملی وضع کرے گا۔ ساتھ ہی بہترین عملی طریقہ کار کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، پاکستان کو چیئرمین شپ ملنا ایس سی او رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے۔ یہ پاکستان کی ان کوششوں کا اعتراف ہے جو اس نے خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خلاف کی ہیں۔
پاکستان خطے میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے عملی تعاون کو فروغ دے گا۔ پاکستان سائبر انسدادِ دہشت گردی، انفارمیشن آپریشنز، بارڈر سکیورٹی، دہشت گردی کی مالی معاونت کے خاتمے اور استعدادِ کار میں اضافے جیسے شعبوں میں اجلاس اور سرگرمیاں منعقد کرے گا۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بطور ایک صفِ اول کا ملک، دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دے چکا ہے۔ پاکستان نہ صرف اپنے عوام بلکہ خطے اور دنیا کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرتا رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 2025-26 کی مدت کے لیے غیر مستقل رکن ہونے کے ناطے، انسدادِ دہشت گردی سمیت دیگر اہم ذمہ داریاں بھی ادا کر رہا ہے۔
پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ خطے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مشترکہ انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کو آگے بڑھائے گا، جو ایس سی او کے اصولوں، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہوں گی۔
پاکستان کی صدارت کو خطے میں سلامتی، تعاون اور پائیدار امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دیکھیں: قازقستان کے نائب وزیراعظم مرات نورتلیو دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے