وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ کی میزبانی کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹی چوک فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2027 میں ہونے والی ایس سی او سمٹ کی میزبانی کا شرف پاکستان کو حاصل ہوگا۔ اس کے لیے ہمیں ابھی سے تیاری شروع کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنائیں گے۔ اس سلسلے میں شاہراہ دستور پر کام شروع ہو چکا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کیلیے ای وی ٹرانسپورٹ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عوام کو سفری سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور حنیف عباسی اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کی سفری سہولتوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے رہائشیوں کیلیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ایک کلومیٹر فلائی اوور سے ایکسپریس وے اور دیگرعلاقوں کو جانے میں سہولت ہوگی۔ تاہم ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں چین میں منعقدہ ایس سی او سمٹ میں شرکت کی تھی۔
دیکھیں: پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی صدارت سنبھال لی