پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ (ایس ایم ڈی اے) پر دستخط ہونے کا خیر مقدم کیا ہے۔ پارٹی نے اس پیشرفت کو پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات کی توثیق قرار دیا ہے جو اسلامی اخوت، مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور دیرینہ باہمی تعاون پر مبنی ہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کا فروغ نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ خطے کے امن اور استحکام پر بھی مثبت اثر ڈالے گا۔
عمران خان کا وژن
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین عمران خان ہمیشہ سے پاکستان کو ایسا ملک دیکھنا چاہتے ہیں جو مسلم دنیا کو متحد کرے، اقوام کے درمیان تعاون کو فروغ دے اور امن کے امکانات کو آگے بڑھائے۔ اسی تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ بڑھتی ہوئی شراکت داری مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کے لیے اہم قدم ہے۔
پی ٹی آئی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ہر پاکستانی کے لیے حرمین الشریفین کی حرمت اور حفاظت ایمان کا بنیادی جزو ہے۔
عوام کو اعتماد میں لینے کی ضرورت
اعلامیے میں زور دیا گیا کہ ایس ایم ڈی اے کی مزید تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں تاکہ عوامی اعتماد اور آگاہی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سعودی عرب کی حمایت کو خراجِ تحسین
پاکستان تحریک انصاف نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے مستقل حمایت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا۔ پی ٹی آئی نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کے لیے بلکہ وسیع تر خطے اور دنیا بھر کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔
دیکھیں: عمران خان نے خیبر پختونخوا میں فوجی آپریشن کی مخالفت کرتے ہوئے مذاکرات کا مطالبہ کردیا