سعودی عرب آج اپنا 95واں قومی دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک کی اہم شاہراہوں اور عمارتوں کو قومی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی بھی یوم الوطنی کے موقع پر تقریبات منعقد کر کے سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کی جانب سے منعقدہ تقریب میں پرچم کشائی کی گئی اور پاکستان و سعودی عرب کی دوستی کے نعرے لگائے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، جی ایم اعوان، جمیل ربانی، فضل رحیم صافی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات دو دل ایک جان کی مانند ہیں۔ دونوں ممالک دفاعی معاہدے کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں اور عالمی سطح پر بھی مل کر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایک مضبوط معاشی طاقت ہے جبکہ پاکستان عسکری لحاظ سے ایک مستحکم ملک ہے، یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو مزید مضبوط بنانے اور ہر شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔
یوم الوطنی کے موقع پر سعودی شہروں میں پرچم لہرائے گئے اور مختلف تقریبات کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا۔
صدر اور وزیراعظم کی مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے عوام اور حکومت کو آج ان کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد دی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اعتماد، خلوص اور اخوت کی بنیاد پر قائم ہیں، سعودیہ میں اسلام کے دو مقدس ترین مقامات خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی موجودگی کی وجہ سے سعودی عرب کے ساتھ ہمارا مضبوط روحانی تعلق ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری نہ صرف ہمارے باہمی اعتماد کی آئینہ دار ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ریاض کے حالیہ دورے کے دوران انہیں اور پاکستانی وفد کو ملنے والا والہانہ استقبال اور محبت بھری مہمان نوازی باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دین اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں ترقی کے عظیم سفر پر گامزن ہے اور آج عالمی برادری میں اس کا بلند مقام بصیرت اور دانشمندی کی مثال ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی عوام اور قیادت کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
شہباز شریف کے مطابق پاکستانی عوام سعودی عرب کے معاشی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے جس نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا، لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور وہاں کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اس دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سعودی عرب کو ہمیشہ ترقی اور عظمت سے نوازے۔
اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کو سجا دیا گیا
سعودی عرب کا قومی دن بھرپور انداز سے منانے کی تیاریاں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سجا دیا گیا۔
اسلام آباد کی اہم عمارتیں اور شاہرائیں سبز رنگ کی روشنیوں سے مزین، چاروں طرف سبز رنگ کی روشنیوں میں نہائی عمارتیں نہایت خوبصورت منظر پیش کرنے لگیں۔
شاہراہ دستور ، سری نگر ہائی وے، قائد اعظم ایونیو اور فیصل ایونیو پر لگی سبز لائٹوں نے بھی شہر میں سما باندھ دیا۔
شاہراہ دستور اور سری نگر ہائی وے پر وزیر اعظم ، سعودی فرمانروا ، ولی عہد اور فیلڈ مارشل کی تصاویر والے سٹیمرز بھی آویزاں کر دیئے گئے۔
ڈی چوک پر بھی شہباز شریف، شاہ سلمان، محمد بن سلمان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تصاویر والی ہورڈنگز نصب کئے گئے ہیں۔
سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر کراچی پریس کلب چورنگی پر سعودی عرب کا قومی دن منایا گیا۔
نائب قونصل جنرل سعودی عرب عبدالرحمان جمعہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے پاکستان میں سعودی عرب کا قومی دن جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
پریس کلب چورنگی کو برقی قمقموں اور پاکستان اور سعودی عرب کے پرچموں سے سجایا گیا، سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
قومی دن کی تاریخ
سعودی عرب میں ہر سال 23 ستمبر کو قومی یومِ سعودی عرب کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن 1932ء میں شاہ عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعود کے ذریعے مملکتِ سعودی عرب کے قیام کی مناسبت سے یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے اِس دن مختلف روایتی تہواروں اور تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے، سڑکوں اور عمارتوں کو سعودی پرچموں سے سجایا جاتا ہے اور لوگ سبز اور سفید لباس زیب تن کرتے ہیں، مملکت کو سبز اور سفید سعودی غباروں سے سجایا جاتا ہے۔
تیئس ستمبر کو مملکتِ سعودی عرب کے قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ ممتاز سعودی فرمانروا شاہ فیصل بن عبدالعزیز آل سعود کے دور میں اگست 1965ء میں اُن کی طرف سے جاری کردہ ایک شاہی فرمان کے تحت کیا گیا اور اِسی سال 23ستمبر کو پہلی بار یہ دن باقاعدہ سرکاری طور پر منایا گیا۔ موجودہ سعودی حکمران شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی عرب کو جدید اسلامی ریاست بنانے کے خواہاں ہیں۔ وژن 2030ء کے تحت شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تیل پر انحصار کم کرنے کیلئے اقتصادی اور سماجی اصلاحات اور سیاحت و ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
اِن اقدامات کا مقصد مملکتِ سعودی عرب کو ایک جدید اسلامی ریاست کے طور پر پیش کرنا، بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے نئے مواقع پیدا کرنا، خواتین کو بااختیار بنانا اور مختلف تفریحی، تجارتی، سیاحتی منصوبوں کے ذریعے بین الاقوامی برادری میں سعودی عرب کا اِمیج بہتر بنانا ہے۔
دیکھیں: پاکستان – سعودی عرب دفاعی معاہدہ: مسلم اتحاد کے لیے ایک عملی نمونہ