بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ سے پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے میدان میں کیے گئے اشارے برداشت نہ ہو پائے۔
جواباً بھارتی کرکٹ بورڈ نے حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے خلاف آئی سی سی کو شکایت لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے ایشیاکپ سپر فور مرحلے میں پاک۔ بھارت میچ کے دوران کیے گئے اشاروں کے خلاف بھارت نے آئی سی سی سے رجوع کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو لکھی گئی درخواست میں کہا کہ حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نے میچ کے دوران سیاسی و نفرت انگیز اشارے کیے اور کوڈ کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی۔
یاد رہے کہ بھارت کے خلاف میچ کے دوران صاحبزادہ فرحان نے نصف سینچری بنانے کے بعد اپنے بلے کو رائفل بنا کر جشن منایا تھا جبکہ حارث روف نے فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن پر بھارتی شائقین کے نامناسب آوازیں کسنے پر اپنے ہاتھ سے جہاز گرنے ( معرکہ حق) کے واقعے کی جانب اشارے کیے تھے۔
بی سی سی آئی نے بدھ کے روز ای یہ شکایت درج کرائی جو آئی سی سی کو موصول ہو چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر پاکستانی کھلاڑی ان الزامات کی تحریری طور پر تردید کرتے ہیں تو اس معاملے پر آئی سی سی کی جانب سے ایک سماعت ہو سکتی ہے، ممکنہ طور پر انہیں میچ ریفری رچی رچرڈسن کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔
بھارت کے اسسٹنٹ کوچ رائن ٹین ڈوسکاٹے نے منگل کو کہا تھا کہ کھلاڑیوں پر جتنا دباؤ ہے، اس صورتحال میں اپنے رویے پر قابو رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے، میں نے حارث کی کچھ حرکات ضرور دیکھی ہیں لیکن وہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیگر ٹیموں کو شاید ہماری کچھ باتوں پر اعتراض ہو، لیکن ہماری طرف سے ہمیں اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔
دوسری جانب پی سی بی نے بھی بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کے خلاف آئی سی سی میں باضابطہ شکایت درج کرائی ہے جس پر آئی سی سی نے کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آج کا میچ سیمی فائنل میں تبدیل ہوچکا ہے کیوں کہ جیتنے والی ٹیم ہی اتوار کو بھارت کے ساتھ فائنل میں مقابلہ کرے گی۔
دیکھیں: ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی