نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی اسلام آباد واپسی پر آج رات دیر گئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ کی موجودہ سنگین صورتحال پر تفصیلی اور بامعنی گفتگو کی۔ بات چیت میں حالیہ سفارتی کوششوں کا حوالہ دیا گیا جن میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے دوران آٹھ عرب-اسلامی ممالک (سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر، اردن، ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان) کے وزرائے خارجہ اور امریکہ کے ساتھ کئی دور کے مشاورتی اجلاس شامل تھے۔
اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتفاق کیا کہ غزہ میں جاری انسانی المیے کے خاتمے کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر ہم آہنگ سفارتکاری ناگزیر ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کی مشکلات کا فوری خاتمہ اور ایک منصفانہ و پائیدار امن کا قیام مشترکہ ہدف ہونا چاہیے۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، استحکام اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کے لیے مل کر مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔