پاکستان اور قطر نے اقتصادی تعاون کی جانب اہم قدم اُٹھاتے ہوئے ایک اہم معاہدے پر دستخط کردیے، معاہدے کے مطابق قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
یہ تاریخی معاہدہ پاکستان۔ قطر جوائنٹ منسٹریل کمیشن کے چھٹے سیشن میں ہوا، جس میں پاکستان کے وزیر تجارت و صنعت جام کمال خان اور قطر کے وزیر تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی الثانی نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ معاہدے کا بنیادی مقصد پاکستان اور قطر کے مابین تعلقات میں اضافہ اور امیرِ قطر کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وعدے کو تکمیل تک پہنچانا ہے۔ اسی طرح قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی اور پاکستان کی سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے مابین منصوبوں کے متعلق تبادلہ کرنا تاکہ سرمایہ کاری کے عمل میں تیزی لانا ہے۔
مختلف شعبہ جات
دونوں ممالک نے ریلوے اور میٹرو کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔ اس سلسلے میں گرین ٹرانزیشن کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، جس میں الیکٹرک، آٹونومس اور ہائیڈروجن فیول سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کو ترجیح دی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان نے قطر کے سرمایہ کاروں کو کھاریاں سے راولپنڈی اور کراچی سے حیدرآباد موٹروے جیسے منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے۔
اسی طرح دونوں ممالک نے شعبۂ تعلیم و صحت سے متعلق 2025 سے 2028 تک کے لیے تعلیم اور سائنسی تحقیق کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔
اسی طرح ثقافت و میڈیا کے شعبوں سے متعلق بھی غور وخوض کیا گیا۔ دونوں ممالک کی خبررساں اداروں کے مابین خبروں کے تبادلے، مشترکہ پروڈکشن اور میڈیا ٹریننگ کے معاہدوں پر بھی کام ہونے کا امکان ہے۔
آئی ٹی و ڈیجیٹل معیشت میں بھی دونوں ممالک نے ای گورننس، اسمارٹ سٹیز، ڈیجیٹل اکانومی اور اسٹارٹ اپس کی ترقی مل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے۔
دونوں ممالک کے مابین پاکستانی ہنر مند افراد کو روزگار کے لیے قطر بھیجنے کے ساتھ ساتھ وہاں پر موجود لیبر فورس کے بہتر انتظام کے لیے بھی تبادلہ کیا جائے گا۔
اختتامی کلمات میں دونوں وزرا نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرنے اور موجودہ منصوبوں پر عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا ہے۔
دیکھیں: قطر نے مردف القاشوطی کو افغانستان میں سفیر مقرر کر دیا