افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یوم سیاہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی سفیر عبید الرحمن نظامانی نے تقریب سے خطاب کیا۔ دورانِ خطاب پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا جموں و کشمیر پر تسلط انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر بیان کرنا پاکستان کی اخلاقی اور سفارتی ذمہ داری ہے۔
یومِ سیاہ کی تقریب میں سفارتی نمائندگان، افغان شخصیات اور میڈیا سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ پاکستانی سفیر نظامانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کی مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلۂ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ہر محاذ پر کشمیری بھائیوں کے مطالبات کی حامی ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق عوامی رائے کے حق کو دہرایا اور بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔
تقریب کے دوران یومِ سیاہ کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جبکہ شرکا نے کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کے ساتھ اپنی مکمل ہم آہنگی کا اعادہ کیا۔
دیکھیں: یومِ سیاہ: 27 اکتوبر 1947 سے کشمیریوں کی ناقابلِ تسخیر جدوجہد