کرک کے تھانہ گرگری کی حدود میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار شہید ہو گئے. تفصیلات کے مطابق پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ علاقے کو گھیر کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ڈی پی او کرک سعود خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں 5 اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی جگہ پر مزید نفری تعینات کی گئی ہے اور علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے افسوس کا اظہار کیا اور شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
گورنر نے کہا کہ پولیس موبائل پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیامِ امن کے لیے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت و سیکیورٹی ادارے اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھیں گے۔