وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ ایران کے مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں، پاکستان امن کیلئے کردارادا کرتا رہے گا، ایران کے امن و استحکام کی حمایت کرتے ہیں، امید ہے ایران اپنے بحران پر جلد قابو پا لے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران خطے کا اہم ملک ہے، پاکستان پر امن خوشحال ایران دیکھنا چاہتا ہے، پاکستان کو یقین ہے کہ ایران موجود سخت حالات سے نکل جائے گا، پاکستان کو ایرانی لیڈر شپ اور عوام پر پورا یقین ہے کہ وہ ان حالات سے نکلیں گے۔
پاکستان نے امید ظاہر کی کہ ایرانی حکومت کی جانب سے عوام کے لیے اعلان کردہ ریلیف اقدامات عوامی مشکلات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایران کے عوام اور قیادت کی دانشمندی پر مکمل اعتماد رکھتا ہے اور کسی بھی قسم کی افراتفری یا عدم استحکام کو پاکستان کے مفاد میں نہیں سمجھتا۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ماضی میں بھی مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی اگر موقع ملا تو سہولت کار بننے کے لیے تیار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی واضح ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا فضائی حدود کسی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا اور یہ پالیسی بدستور برقرار ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دہشت گردی کے الزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانی قرار دے دیئے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانی ہیں، بھارتی بیان بازی پرانی، روایتی اور گمراہ کن ہے، پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات خود بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔