واشنگٹن: امریکہ اور ایران کے درمیان طویل عرصے سے جاری کشیدگی میں کمی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے ایک نئے دور کا آغاز رواں ہفتے جمعہ تک ہونا ممکن ہے۔
نیویارک پوسٹ کی وائٹ ہاؤس رپورٹر کیٹلن ڈورنبوس کے مطابق صدر ٹرمپ اور پاکستانی حکام نے اس اہم سفارتی پیش رفت کے حوالے سے مثبت اشارے دیے ہیں۔ صحافی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا کہ صدر ٹرمپ نے خود ان مذاکرات کے حوالے سے ‘اچھی خبر’ ملنے کی امید ظاہر کی ہے، جس کے تحت جمعہ کے روز سے باقاعدہ بات چیت کا عمل دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔
Well, guess I'm not going anywhere just yet!
— Caitlin Doornbos (@CaitlinDoornbos) April 22, 2026
President Trump and Pakistani sources today told me good news about a fresh round of talks between the US and Iran is "possible" as soon as Friday.https://t.co/5TdF0kRgO7
پاکستانی ذرائع نے بھی اس پیش رفت کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی برف پگھلنے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور جمعہ کا دن اس حوالے سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یہ مذاکرات شروع ہوتے ہیں تو اس سے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی سطح پر معاشی اور سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی جانب سے کسی بھی حتمی ڈیڈ لائن کی تردید کی گئی تھی، تاہم صدر ٹرمپ کے تازہ بیان اور پاکستانی ذرائع کی متحرک سفارت کاری نے ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر واپسی کے قوی امکانات پیدا کر دیے ہیں۔