ہنگو میں شاہ الماس پیر پہاڑی پر قائم پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ حملہ آور 3 اہلکاروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جہاں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے کے بعد پولیس نے پوسٹ کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا۔
ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی کے مطابق اغوا کیے گئے تینوں اہلکاروں کو دہشت گرد سمانہ پہاڑی کے علاقے خانانو کوٹہ کی جانب لے گئے ہیں۔ فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری اور مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے تعاقب جاری ہے۔
دوسری جانب حملے میں شہید ہونے والے کانسٹیبل فیروز علی کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی، پاک فوج اور پولیس کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کانسٹیبل کا جسد خاکی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں ابراہیم زئی روانہ کردیا گیا۔
دیکھیے: علامہ اقبال: ایک خواب، ایک فکر





