سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی شدت بڑھ سکتی ہے۔ ان کے مطابق سرحد پار دیوالی کے موقع پر ہونے والی آتش بازی سے خارج ہونے والے باریک ذرات بھی علاقائی فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ خلیج بنگال سے آنے والی گہری دھند اور آلودہ فضائی تہہ پورے خطے کو متاثر کر رہی ہے۔ ہواؤں کی سمت، رفتار اور فضائی استحکام ایسے عوامل ہیں جو لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں فضائی آلودگی کی مسلسل نگرانی اور سموگ کے تدارک کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
بھارت سے منسلک مشرقی علاقوں میں فضائی آلودگی بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر سموگ گنز چلانے اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بھی تیز کیا جا رہا ہے۔
شہریوں سے اہم اپیل
سینئر صوبائی وزیر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے خصوصاً فصلوں کی باقیات اور دھان کے مڈھ جلانے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے خارج ہونے والے باریک ذرات پہلے سے موجود آلودہ فضائی تہہ کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کوڑا کرکٹ، پلاسٹک اور دیگر فضلے کو کھلے عام جلانے سے بھی منع کیا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں پر قابو پانا سموگ میں کمی کے لیے ضروری ہے۔
مریم اورنگزیب نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ گاڑیوں کی فٹنس اور دھوئیں کے اخراج سے متعلق مقررہ معیار پر عمل کریں۔
انہوں نے آئندہ چند روز تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں سڑکوں پر نہ لانے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی۔





