افریقی ملک نائجیریا میں امریکی سیکیورٹی فورسز اور نائجیرین مسلح افواج نے ایک انتہائی اہم اور مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم’داعش کے نائب سربراہ ابو بلال المنوکی کو ہلاک کر دیا ہے۔ حکام نے اس آپریشن کو انتہائی پیچیدہ، منظم اور کامیاب ترین مشن قرار دیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ آپریشن ایک سوچے سمجھے اور طویل المدت انٹیلیجنس پلان کے تحت مشترکہ طور پر انجام دیا گیا۔ داعش کا عالمی نائب کمانڈر ابو بلال المنوکی، جسے دنیا کے فعال ترین اور خطرناک ترین دہشت گردوں میں شمار کیا جاتا تھا، افریقا کے خطے کو اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔ تاہم، انٹیلیجنس اداروں کو اس کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں سے متعلق مسلسل اطلاعات موصول ہو رہی تھیں، جس کے بعد اس کے خفیہ ٹھکانے پر فیصلہ کن وار کیا گیا۔
اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ابو بلال المنوکی کی ہلاکت سے افریقا میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے اور امریکی اہداف پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق، اس اہم ترین کمانڈر کے خاتمے سے عالمی سطح پر داعش کی کارروائیوں اور ان کے نیٹ ورک کو شدید ترین دھچکا پہنچا ہے اور ان کی تنظیمی صلاحیتیں نمایاں طور پر کمزور ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد کمانڈر ابو بلال المنوکی نائجیرین نژاد تھا اور اسے عالمی سطح پر انتہائی مطلوب قرار دیتے ہوئے عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کامیاب ترین آپریشن پر امریکی دفاعی حکام نے نائجیریا کی حکومت اور ان کی مسلح افواج کی بہترین شراکت داری اور پیشہ ورانہ تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے، جس کی بدولت اس عالمی ہدف کو کامیابی سے حاصل کیا جا سکا۔