پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں، شدید آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں ایک خاتون سمیت کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 45 سے زائد زخمی ہو گئے۔ طوفانی موسم کے نتیجے میں کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کے پول گر گئے، جس سے مواصلات اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے اہم شہروں بشمول لاہور، قصور، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور پاکپتن میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹا، وہاں لیسکو ریجن میں درجنوں فیڈرز ٹرپ کر جانے سے وسیع رقبے پر بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ لیسکو حکام کے مطابق عملہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے سرگرم ہے۔
دوسری جانب، خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے زیادہ نقصان پہنچایا۔ بنوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 16 زخمی ہوئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید ہواؤں کے باعث متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور بجلی کے پول گرنے سے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی، جبکہ مختلف حادثات میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔
جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ ریسکیو اور انتظامیہ کے حکام کے مطابق متاثرہ اضلاع میں نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔