افغانستان فریڈم فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے نورستان کے ضلع دوآب میں طالبان کے ایک اہم سکیورٹی ٹھکانے کو گوریلا حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ اس اچانک پیش رفت نے علاقے میں سکیورٹی اداروں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
تنظیم کے مطابق یہ کارروائی ہفتے کی رات انجام دی گئی۔ جنگجوؤں نے طالبان کی چوکی کو کامیابی سے ہدف بنایا، جس کے نتیجے میں طالبان کے 2 ارکان موقع پر ہی ہلاک جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ حملے کے بعد تمام جنگجو محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو گئے۔
یہ حملہ کسی الگ تھلگ واقعہ کا نتیجہ نہیں، بلکہ افغانستان میں طالبان مخالف مسلح گروہوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کا سلسلہ ہے۔ اس سے قبل جولائی میں بھی زیباک کے علاقے میں طالبان اور افغان فریڈم فرنٹ کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں، جن کی طالبان حکام نے بھی کسی حد تک تصدیق کی تھی۔
حالیہ کارروائیاں ظاہر کرتی ہیں کہ طالبان مخالف مزاحمت اب صرف شمالی اضلاع تک محدود نہیں رہی۔ قندھار، ننگرہار، ہرات اور فاریاب سے لے کر نورستان تک مزاحمت کا دائرہ مسلسل پھیل رہا ہے، جس سے کابل انتظامیہ پر عسکری دباؤ شدید ہو رہا ہے۔
دیکھیے: قندھار میں طالبان اہلکار ہلاک، یونائیٹڈ فرنٹ نے ذمہ داری قبول کرلی