پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات کی کامیاب کارروائی کی ہے۔ اس مشترکہ آپریشن میں پاک بحریہ کے جہازوں حنین اور یرموک نے حصہ لیا۔
کارروائی کے دوران 2,800 کلوگرام سے زائد وزنی منشیات کی بھاری کھیپ قبضے میں لی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں برآمد شدہ منشیات کی قیمت لگ بھگ 750 ملین امریکی ڈالر ہے۔
مشکوک کشتی کی تلاشی
ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق بحری جہاز معمول کے گشت پر تھے۔ اس دوران کھلے سمندر میں ایک مشکوک کشتی کو روک کر تفصیلی تلاشی لی گئی۔
بحریہ کے اہلکاروں نے کشتی کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کر کے قبضے میں لے لی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کامیاب کارروائی پر جوانوں کو سراہا ہے۔
امیر البحر نے آپریشن میں شریک افسران اور عملے کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاک بحریہ سمندری حدود کو ہر قسم کی اسمگلنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔