اسرائیل کی نئی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو حکومت کے متنازع قوانین منسوخ کرنے اور 7 اکتوبر کے حملوں کی آزادانہ تحقیقات کے لیے متعدد بل پیش کر دیے گئے ہیں۔
اسرائیلی پارلیمنٹ کے 120 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھانے کے بعد افتتاحی اجلاس میں قانون سازی کا عمل شروع کر دیا۔ گاڈی آئزن کوٹ اور ان کے اتحادیوں نے سابقہ حکومت کے متنازع قوانین ختم کرنے کے لیے کئی تجاویز پیش کی ہیں۔
نیتن یاہو کی واپسی؟
اتحادی جماعتوں کی جانب سے پیش کردہ بلوں میں وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق ترمیم منسوخ کرنے، فرد جرم عائد ہونے والے شخص کو پارلیمانی یا حکومتی عہدہ سنبھالنے سے روکنے اور وزیراعظم کی مدت اقتدار محدود کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ سابق حکومت نے اپنے سیاسی اور قانونی تحفظ کے لیے متنازع قوانین متعارف کرائے تھے، جنہیں اب ختم کیا جانا چاہیے۔
نئی قانون سازی میں 7 اکتوبر کے حملوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کی تحقیقات کے لیے آزاد ریاستی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ نیتن یاہو حکومت پر الزام رہا ہے کہ اس نے ان حملوں کی آزادانہ تحقیقات کے لیے ریاستی کمیشن کے قیام کی اجازت نہیں دی۔
منصور عباس کا اہم انکشاف
دوسری جانب عرب رہنما منصور عباس نے دعویٰ کیا ہے کہ نیتن یاہو نے ان سے کہا تھا کہ وہ حماس کے سابق سربراہ یحییٰ سنوار پر اعتماد کرتے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں۔
اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق منصور عباس نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ نیتن یاہو کو سنوار کا خط بھی موصول ہوا تھا۔ ان کے بقول اس معاملے کی وجہ سے وزیراعظم شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے غافل رہے۔
منصور عباس نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان انکشافات کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن کے سامنے گواہی دیں گے۔





