پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے 3 مقامی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے گئے تھے کہ بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے مبینہ طور پر بغیر وارننگ فائرنگ کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت تینوں شہری نہتے تھے اور ان میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ جاں بحق ہوئے۔ دونوں کا تعلق جٹاں والی حویلی، لدھڑ سے بتایا گیا ہے۔
تیسرا شہری فائرنگ سے زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تینوں شہری مقامی رہائشی تھے اور ان کی جانب سے سرحد عبور کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔
بھارتی میڈیا پر بھی سوالات
سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستانی شہریوں کو درانداز قرار دیا۔ پاکستانی ذرائع نے بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری نہتے تھے اور انہوں نے بارڈر فینس عبور نہیں کی تھی۔
ذرائع نے بھارتی فورسز کی جانب سے شہریوں پر فائرنگ کو بارڈر سے متعلق معاہدوں اور طے شدہ ایس او پیز کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
واقعے کے بعد سرحدی علاقے میں صورتحال اور بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے محرکات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔