سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی ہیں۔ انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں عزمِ استحکام وژن اور آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت عمل میں لائی گئیں۔
خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔ ہلاک شدگان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں گورندر اور ماشکیل میں بھی فورسز نے کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ماشکیل میں دہشت گردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی تھی۔ حملہ آوروں نے فرار ہونے کی کوشش کی تو فورسز نے فوری تعاقب کر کے انہیں ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے فورسز کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
دیکھیے: بھارتی فورسز کی فائرنگ، 2 نہتے پاکستانی شہری جاں بحق، ایک زخمی