وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے۔ صوبائی حکومت کی نااہلی کا خمیازہ عوام اور سیکیورٹی فورسز کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف اگلے محاذ پر قربانیاں دے رہی ہے۔ آج بھی کرک میں ایک ایس ایچ او اور کانسٹیبل کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔
انہوں نے صوبائی حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس کو وسائل، فنڈز اور جدید اسلحہ نہیں دیا جا رہا تو اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہے۔
بلال کیانی نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کا یہ بیانیہ غلط ہے کہ یہ ڈالرز کی جنگ ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران خیبرپختونخوا میں 10 اہلکار وطن پر جان نثار کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف اعداد و شمار نہیں بلکہ ان خاندانوں کے پیارے ہیں جنہوں نے ملک کے لیے جانیں دیں۔ پولیس کے ساتھ ساتھ کسٹمز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار بھی نشانہ بن رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے انسپکٹر عزیر اعظم، کانسٹیبل سیف اللہ، شمع خان، اور فرمان اللہ سمیت دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا کی سیاسی قیادت کو اس سنگین صورتحال کا فوری احساس کرنا ہوگا۔