پاکستان کے بڑے نجی ٹی وی چینلز کی ماہانہ ڈیجیٹل آمدن، بیرونِ ملک بینک اکاؤنٹس، ٹیکس ادائیگیوں اور صحافتی عملے کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر شدید تنقید سامنے آ گئی ہے۔ سامنے آنے والے نکات میں میڈیا مالکان کے مالی معاملات اور ادارتی ترجیحات پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ بڑے میڈیا نیٹ ورکس صرف یوٹیوب سے ماہانہ کروڑوں روپے کما رہے ہیں، جن میں جیو کی ماہانہ آمدن 93 کروڑ روپے سے زائد، ہم کی 72 کروڑ روپے سے زائد اور اے آر وائی کی 65 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے، جبکہ ٹی وی اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی کمائی اس کے علاوہ ہے۔
مؤقف اپنایا گیا ہے کہ یوٹیوب اور فیس بک سے حاصل ہونے والے ڈالرز پاکستان منتقل ہونے کے بجائے متحدہ عرب امارات کے بینک اکاؤنٹس میں جمع ہوتے ہیں، جس کے باعث یہ آمدن ملکی ٹیکس گوشواروں میں پوری طرح ظاہر نہیں ہوتی۔
تحریر میں کہا گیا ہے کہ اربوں روپے کی مجموعی آمدن کے باوجود ٹیکس کی ادائیگی انتہائی کم ہے، جبکہ متعلقہ ریگولیٹری اور ٹیکس ادارے اس صورتحال پر مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
صحافتی عملے کی تنخواہوں میں تاخیر
اس معاملے کا دوسرا اہم پہلو فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں، کیمرہ مینوں، پروڈیوسرز، ایڈیٹرز اور ڈرائیورز کے مالی مسائل ہیں۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ مشکل حالات میں فرائض انجام دینے والے عملے کی تنخواہیں 3 سے 6 ماہ تک روکی جاتی ہیں یا ادھوری ادا کی جاتی ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ ایک جانب میڈیا مالکان بیرونِ ملک جائیدادیں بنا رہے ہیں تو دوسری جانب زمین پر کام کرنے والے صحافی بنیادی اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض لینے پر مجبور ہیں۔
ادارتی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ زیادہ ویوز اور ڈالرز کے حصول کے لیے ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں کی عالمی کامیابیوں اور ریسکیو خدمات کے بجائے تنازعات اور سنسنی خیز مواد کو ترجیح دی جاتی ہے۔
تحریر کے مطابق سیاسی دباؤ، طاقتور حلقوں کی سرپرستی، اداروں کی کمزوری اور ناظرین کی جانب سے منفی خبروں میں دلچسپی وہ بڑی رکاوٹیں ہیں جن کی وجہ سے میڈیا گروپس کا احتساب نہیں ہو پاتا۔
اس صورتحال کے تدارک کے لیے مطالبہ کیا گیا ہے کہ یوٹیوب، فیس بک اور گوگل سے حاصل ہونے والے تمام ڈالرز کو پاکستان میں ڈکلیئر کرنا لازمی قرار دیا جائے اور بیرونِ ملک اکاؤنٹس کا آڈٹ کیا جائے۔
اس کے ساتھ یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ ٹیکس چوری پر عام شہریوں کی طرح سخت سزا دی جائے، 3 ماہ سے تنخواہیں روکنے والے چینلز کے لائسنس معطل کیے جائیں اور ملکی مفاد کے خلاف مواد پھیلانے والوں کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔





