یمن میں سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع الحدیدہ بندرگاہ میں حوثیوں کی عسکری تنصیبات کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔
عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں حملوں کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ اتحادی افواج نے الحدیدہ بندرگاہ پر حوثیوں کی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ شمالی یمن کے گورنریٹ صعدہ میں بھی متعدد اہداف تباہ کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق فضائی حملوں سے چند گھنٹے قبل سعودی اتحادی افواج نے الحدیدہ بندرگاہ کے مخصوص علاقوں میں موجود عام شہریوں کو فوری انخلا کی وارننگ جاری کی تھی۔
دوسری جانب حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے حملوں سے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ بنایا گیا تو جوابی کارروائی میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔





