روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے بعد اپنے پہلے دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں۔ وہ ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں علاقائی کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
روسی خبر رساں اداروں کے مطابق سرگئی لاوروف اتوار کو بحرین میں خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں کے بعد پیر کو تہران پہنچے۔
بحرین میں ہونے والے اجلاس کے دوران خلیجی ممالک نے روس پر زور دیا کہ وہ ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ ان ممالک نے روس سے خطے میں حملے رکوانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔
صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں
سرگئی لاوروف اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزیشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورت حال کے علاوہ جنگ کے خاتمے کے امکانات پر بات چیت متوقع ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق دورے میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور نقل و حمل کے مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔





