کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی کے دشوار گزار اور سنگلاخ پہاڑی علاقے دگنان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک منظم آپریشن کیا۔ فورسز نے کامیابی سے دہشت گردوں کے پوشیدہ ٹھکانوں اور غاروں تک رسائی حاصل کی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے اور پناہ گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں۔ اس پورے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس کارروائی نے دہشت گردوں کی موجودگی اور آپریشنل صلاحیت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ اس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں کو دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دیا جائے گا۔
سیکیورٹی فورسز نے دوٹوک مؤقف اپنایا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ کی پالیسی برقرار رہے گی۔ امن کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور ریاستی رٹ کو برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔





